جنرل نیوز

ڈان اسکول میں کمسن مصنفہ کی کتاب کی رسم اجراء

حیدرآباد۔ 28 دسمبر (پریس نوٹ) امریکہ میں مقیم کمسن مصنفہ ضحیٰ خوندمیری کی ایک کتاب کی ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں صدرنشین جناب فضل الرحمن خرم کے ہاتھوں رسم اجراء عمل میں آئی۔ اس کتاب کا عنوان "The Lion Hunter” ہے۔

 

اس موقع پر ضحیٰ خوندمیری نے طالبات سے خطاب کیا اور اس کہانی کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کوویڈ۔19 کی تعطیلات کے دوران اپنے بھائی کے خیال کو تصاویر اور الفاظ کا جامہ پہنایا۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب کی اشاعت میں ان کے والدین شاہین خوندمیری اور والدہ آفرین خوندمیری کی حوصلہ افزائی کا اہم کردار رہا۔ ضحیٰ خوندمیری حیدرآباد کے ممتاز شاعر و آرکٹیکٹ جناب طالب خوندمیری مرحوم کی نواسی ہیں۔

 

انھوں نے اس موقع پر طلباء و طالبات سے رابطے کا موقع دینے پر اسکول انتظامیہ بالخصوص خرم صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے طلبہ میں اپنی باتصویر اور رنگین کتاب کے 100 نسخے تقسیم کئے۔ اس موقع پر طالب خوندمیری مرحوم کی مشہور نظم ’ابلیس کا اعتراف‘ پڑھی گئی۔ ضحیٰ کی والدہ آفرین خوندمیری جو خود بھی ایک آرٹسٹ ہیں اور اپنے افراد خاندان اور احباب کے ساتھ فلاحی سرگرمیاں انجام دیتی ہیں نے اپنے ایک ادارہ لللہ فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

 

لللہ فاؤنڈیشن کے تحت غریب مریضوں کے علاج کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ اس فاؤنڈیشن نے اس سلسلہ میں شہر کے بعض ہاسپٹلس کے ساتھ معاہدے کئے ہیں۔ شاہین خوندمیری نے طلباء اور طالبات کے ذوق اور اسکول کے معیار کی ستائش کی۔ 9ویں جماعت کی طالبہ رابعہ نے شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button