تلنگانہ

تلبیہ کی گونج میں _ تلنگانہ کے عازمین حج کا پہلا قافلہ شمش آباد ایرپورٹ سے جدہ کے لئے روانہ

لبيك اللهم لبيك لبيك لا شريك لك لبيك ان الحمد ونعمته لک والملک لا شریک لک تلبیہ کی گونج میں ۔۔۔۔۔ تلنگانہ کے عازمین حج کا پہلا قافلہ شمش آباد ایرپورٹ سے جدہ کے لئے روانہ

حیدر آباد – 7-جون (اردولیکس )  تلنگانہ کے عازمین حج کی پہلی پرواز  شمش آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ سے جدہ ایر پورٹ کے لئے چہارشنبہ 7 جون کو 10:15 بجے روانہ ہوگئی۔جبکہ حج ہاؤز سے پہلا قافلہ صبح 6:15 بجے روانہ ہوا۔ حج ہاوز پر منعقدہ تقریب میں وزیر داخلہ محمود علی، صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم، اگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی جناب بی شفیع اللہ کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔

 

جملہ 46 فلائٹس کے ذریعہ ریاست کے عازمین سفر مقدس کے لئے روانہ ہوں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عازمین کو بتایا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی نے فلائٹس کا شیڈول ترتیب دیا ہے کوئی بھی عازم لمحہ آخر میں اپنا سفر ملتوی نہ کرے اس سے دوسرے مسائل بھی پیدا ہوں گے جو قواعد وضع کئے گئے ہیں اُن کی پابندی کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی عازم اپنے سفر کو ملتوی کرنے کی درخواستیں دے رہے ہیں اس کوقبول نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اگر سفر ملتوی کیا جائے گا تو اسکا اثر دوسرے عازمین پر بھی پڑے گا۔

 

بعض عازمین خواہش ظاہر کر رہے ہیں ان کے کور نمبر کو یکجا کیا جائے اور دیگر رشتہ داروں کی فلائٹ میں انہیں بھی سیٹ دی جائے یہ ممکن نہیں ہے۔ لہذا اعاز مین اس سلسلہ میں کوئی زحمت نہ کریں۔ 22 جون کو ریاست سے آخری پرواز عازمین کے ساتھ سرزمین حجاز کے لئے روانہ ہوگی۔

 

صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عازمین کی خدمت کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں انہوں نے عازمین سے بھی تعاون کی درخواست کی۔ محمد سلیم نے عازمین سے یہ بھی خواہش کی کہ وہ ریاست کی خوشحالی اور امن کی برقراری کے لئے بھی سفر مقدس کے دوران خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔

 

چہارشنبہ کو بعد نماز فجر ریاست کے 150 عازمین کا پہلا قافلہ حج ھاوز سے شمش آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ روانہ ہوا۔وزیر داخلہ نے عازمین کے بس کو تلبیہ کی گونج میں جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button