جنرل نیوز

زینت پروین کو جگتیال بلدیہ کی پہلی مسلم وائس چیرپرسن بننے کا اعزاز

گزشتہ تین دن سے جاری ڈرامائی سیاسی پیش رفت کے بعد بالآخر جگتیال بلدیہ میں چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن کا انتخاب مکمل ہو گیا۔ بلدیہ کونسل کے اجلاس میں کانگریس پارٹی کی نامزد امیدوار ایس وانی کو چیئرپرسن اور زینت پروین کو وائس چیئرپرسن منتخب کر لیا گیا۔ دونوں عہدوں کے انتخاب کے دوران ڈاکٹر سنجے کمار اور جیون ریڈی گروپ سے وابستہ کونسلروں نے تائیدی ووٹ دیا، جس کے بعد طویل سیاسی رسہ کشی کا خاتمہ ہوا۔

 

یہ انتخاب کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ جگتیال بلدیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مسلم خاتون کونسلر زینت پروین، زوجہ منو بھائی، کو وائس چیئرپرسن کا منصب حاصل ہوا ہے۔

 

سیاسی تجزیہ نگار مسیع الدین افسر کے مطابق ماضی میں بلدیہ میں کانگریس دورِ اقتدار کے دوران مرحوم بدرالدین سب سے پہلے وائس چیئرمین منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد یوسف آزاد، پیارے بھائی، بشیرالدین اور بعد ازاں سراج الدین منصور اس عہدے پر فائز رہے۔ تاہم گزشتہ میعاد میں کسی مسلم نمائندے کو یہ ذمہ داری نہیں دی گئی تھی۔

 

موجودہ بلدی انتخاب میں وارڈ نمبر 35 سے منتخب زینت پروین کو یہ عہدہ ملنا نہ صرف ایک سیاسی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے بلکہ اسے مقامی سطح پر نمائندگی کے توازن کی علامت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

 

سیاسی حلقوں کا ماننا ہے کہ نئی قیادت کے انتخاب سے بلدیہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کو رفتار ملنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں، جبکہ کانگریس قیادت اسے داخلی اختلافات کے خاتمے اور تنظیمی استحکام کی سمت اہم قدم قرار دے رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button