شوگر سے متاثر خاتون کی زچگی۔ بچہ کا وزن تھا 5 کیلو

حیدرآباد:ریاست تلنگانہ کے بھدراچلم ایریا گورنمنٹ ہاسپٹل میں جمعہ کے روز ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا۔ منوگورو قصبے سے تعلق رکھنے والی خاتون رانی کو زچگی کی تکالیف کے باعث منوگورو ایریا ہاسپٹل لے جایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں
نے معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ رانی کے شوگر لیولز غیر معمولی حد تک زیادہ ہیں، جس پر انہیں بہتر علاج کے لیے بھدراچلم ایریا ہاسپٹل بھیج دیا گیا۔ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رام کرشنا کی نگرانی میں گائناکالوجی ماہرین نے فوری آپریشن کیا
اور رانی نے ایک صحت مند بیٹے کو جنم دیا۔بچے کی پیدائش کے بعد جب اس کا وزن کیا گیا تو ہاسپٹل کا عملہ اور ارکانِ خاندان حیران رہ گئے کیونکہ بچے کا وزن پانچ کلوگرام نکلا۔ بچے کی صحت دیکھ کر ڈاکٹرز، اسٹاف اور خاندان کے افراد نے
بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ڈاکٹرس کے مطابق ماں اور بچہ دونوں مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ ڈاکٹر رام کرشنا نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری ہاسپٹلز میں اس طرح کی کامیاب اور محفوظ زچگیاں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، اور عوام سے اپیل
کی کہ وہ خانگی ہاسپٹلز کے بجائے سرکاری ہاسپٹلز کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں تاکہ ہر طبقے کو معیاری طبی سہولتیں میسر آئیں۔



