تلنگانہ حکومت نے کھانسی کی مزید دو دوائیوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی

تلنگانہ حکومت نے کھانسی کی دو دوائیوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ری لائف سی ایف اور ریسپی فریش-ٹی آر کھانسی کی مزید دو دوائیوں کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ان دوائیوں میں ملاوٹ پائی گئی ہے اور یہ انتہائی زہریلا گلیکول پر مشتمل ہیں، جو صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان دوائیوں کا استعمال فوراً بند کریں اور اگر پہلے سے خریدی گئی ہیں تو واپس کریں۔ حکومت نے دوا ساز کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ اسٹاک کو فوری طور پر ضبط کرائیں اور اس سلسلے میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں راجھستان، اتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں ملاوٹ شدہ کھانسی کی دوائیوں (سیرپ) کے استعمال سے کئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں زیادہ تر متاثرہ بچے تھے۔ یہ واقعات اس وقت سامنے آئے جب غیر معیاری اور غیر منظور شدہ دوائیں بازار میں دستیاب ہوئیں۔
محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ اور محفوظ دواوں کا استعمال کریں، کسی بھی مشکوک دوا کے بارے میں فوری طور پر حکام کو اطلاع دیں اور بچوں کو کسی غیر مصدقہ دوا سے دور رکھیں۔ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ غیر قانونی یا مشکوک دوائیں صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔