کویت آتشزدگی واقعہ میں مرنے والوں کی کل تعداد 49 جن میں 42 ہندوستانی _ مرکزی وزیر کیرتی وردھن کویت روانہ

حیدرآباد _ 13 جون ( اردولیکس ڈیسک)جنوبی کویت کے منگاف علاقے میں تقریباً 195 تارکین وطن مزدوروں کی رہائش گاہ کی عمارت میں چہارشنبہ کی صبح کے وقت لگنے والی تباہ کن آگ میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 49 ہے اور ان میں سے 42 ہندوستانی بتائے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باقی ماندہ پاکستانی، فلپائنی، مصری اور نیپالی شہری ہیں۔
تقریباً 42 ہندوستانی، جن میں کم از کم پانچ کیرالا سے تھے، ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔وہاں کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے کویت روانہ ہونے سے پہلے، مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے کہا کہ کچھ نعشیں جلی ہوئی ہیں جن کی شناخت ممکن نہیں۔باقی صورت حال اس وقت واضح ہو جائے گی جب ہم وہاں پہنچیں گے
کویت کے لیے پرواز کرنے سے پہلے دہلی ایرپورٹ پر اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کل شام وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کی تھی، یہ اس انتہائی افسوسناک سانحہ کے بارے میں ہمارے پاس آخری اپ ڈیٹ ہے.
جان گنوانے والوں کی نعشوں کی وطن واپسی کے منصوبے کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ "صورتحال یہ ہے کہ متاثرین زیادہ تر جلے ہوئے ہیں اور کچھ نعشیں شناخت سے باہر جل چکی ہیں۔ اس لیے متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ جاری ہے۔‘