کویت کی رہائشی عمارت میں لگی بھیانک آگ۔ 41 ہلاک 7 ہندوستانی بھی شامل

نئی دہلی: کویت کی ایک عمارت میں لگی بھیانک آگ کے نتیجہ میں کم از کم 41 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق آج یہ حادثہ کویت کے جنوبی شہر منگاف کی عمارت میں پیش آیا۔ آگ اس قدر خطرناک تھی کہ شعلہ کافی دور سے دیکھے جارہے تھے اورعلاقہ میں دھویں کے کثیف بادل چھا گئے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ آگ صبح کی اولین ساعتوں میں لگی اورپوری عمارت میں آگ لگ گئی اور کئی افراد عمارت میں پھنس گئے۔
سینئر پولیس عہدیداروں کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا۔ ان کے مطابق یہاں زیادہ تر ورکرس مقیم تھے جبکہ عمارت میں پھنسے ہوئے درجنوں ورکرس کو باہر نکالا گیا۔ مرکزی وزیر ایس جئے شنکر نے کہا کہ کویت میں پیش آئے آتشزدگی کے حادثے میں 41 افراد کی موت ہوئی اور 50 سے زائد ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ ہندوستانی سفیر نے مقام حادثہ کا دورہ کیا اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ معلوم ہوا ہے مرنے والوں میں 7 ہندوستانی بھی شامل ہیں۔
کویت کے نائب وزیراعظم شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس خوفناک آتشزدگی کیلئے رئیل اسٹیٹ کے مالک کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہولناک واقعہ ریئل اسٹیٹ مالک کی لالچ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ نائب وزیراعظم شیخ فہد کے پاس محکمہ داخلہ کے ساتھ ساتھ وزارت دفاع کی بھی ذمہ داری ہے۔اس دوران وزیراعظم نریندر مودی نے کویت حادثہ پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔
انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے بتایا کہ کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور زخمیوں کو ضروری مدد فراہم کی جارہی ہے۔