القسام بریگیڈز کا قابض اسرائیلی فوجیوں پر حملہ، ایک ہلاک، 3 ٹینک تباہ

نئی دہلی ۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم القصام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جاں باز مجاہدین نے غزہ شہر اور شمالی علاقے جبالیہ میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ایک قابض اسرائیلی فوجی کو سنائیپر حملے میں ہلاک کر دیا، جبکہ دشمن کے تین "میرکافا” ٹینک مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
یہ اطلاع تنظیم نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں دی۔ ترجمان کے مطابق”6 جون کو ہمارے مجاہدین نے غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں شارع المنطار کے مشرق میں ایک صہیونی فوجی کو سنائیپر سے نشانہ بنایا اور ہلاک کر دیا۔”
تنظیم نے ایک اور بیان میں 15 جون کی کارروائی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا "ہمارے مجاہدین نے دشمن کے تین میرکافا ٹینکوں کو دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کی تمام گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ یہ کارروائی جبالیہ کے مشرقی علاقے میں انجام دی گئی۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ:”میدانِ جنگ سے واپس آنے والے مجاہدین نے تصدیق کی ہے کہ ٹینکوں کے پرخچے ہر سمت بکھر گئے، جو اس کارروائی کی شدت اور مؤثریت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”القصام بریگیڈز کی جانب سے کی جانے والی یہ کارروائیاں غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری اور نسل کشی کا بھرپور جواب ہیں۔
مزاحمتی قوتوں کا پیغام واضح ہے:”ظلم کا ہر وار جرأت و استقلال سے جواب پائے گا، اور مظلوم فلسطینیوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔”