انٹر نیشنل
خامنہ ای کی موت پر پاکستان میں غم و غصہ، کراچی میں امریکی قونصل خانے پر دھاوا
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ پاکستان کے شہر کراچی میں اتوار کے روز سینکڑوں مظاہرین نے امریکی قونصل خانہ پر ہلا بول دیا اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
اطلاعات کے مطابق ایران کی جانب سے خامنہ ای کی موت کی تصدیق کے چند گھنٹوں بعد یہ احتجاج شروع ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں مظاہرین کو لاٹھیاں اٹھائے قونصل خانے کی عمارت کی طرف بڑھتے اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس عہدیدار محمد جواد کے مطابق ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کو لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔



