انٹر نیشنل

بھارت آنے والے کارگو جہاز پر حملہ – آبنائے ہرمز میں واقعہ

بھارت کے گجرات کی جانب آنے والے ایک تھائی کارگو جہاز پر چہارشنبہ کے روز آبنائے ہرمز کے قریب حملہ کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد عمانی بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جہاز میں موجود 20 افراد کو بحفاظت بچا لیا جبکہ چند افراد اب بھی جہاز میں موجود بتائے جا رہے ہیں۔

 

اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ کی ایک شپنگ کمپنی سے تعلق رکھنے والا جہاز مایوری ناری گجرات کے کاندلا بندرگاہ کی طرف روانہ تھا۔ اسی دوران عمان کے شمالی ساحل سے تقریباً 11 ناٹیکل میل دور آبنائے ہرمز میں کسی نامعلوم شے نے جہاز کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق یہ واٹر مائن ہو سکتی ہے۔

 

حملے کے نتیجہ میں جہاز میں آگ لگ گئی اور گھنا دھواں پھیل گیا۔ ایمرجنسی پیغام ملنے پر عمانی بحریہ نے فوری امدادی کارروائی شروع کی اور جائے حادثہ پر پہنچ کر عملے کے بیشتر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ باقی عملے کو بچانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

 

ادھر جہاز میں لگی آگ کو بھی قابو میں کر لیا گیا ہے۔ واقعہ کے بارے میں تھائی بحریہ اور برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی اطلاع دی ہے۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس حملے میں کوئی زخمی ہوا یا نہیں اور نہ ہی کسی تنظیم یا ملک نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button