بنگلہ دیش میں خوفناک حادثہ — بس دریائے پدما میں گر گئی، 23 افراد ہلاک

بنگلہ دیش کے ضلع راج باری میں مسافر بس دریائے پدما میں گرنے سے کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم رات ہونے کی وجہ سے کارروائی جزوی طور پر روک دی گئی۔
پولیس کے مطابق اب تک 23 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کچھ افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ چند مسافروں نے تیر کر جان بچائی جنہیں مقامی لوگوں نے کنارے پر نکالا۔
حادثہ تقریباً شام 5 بجے داؤلتدیا کے فری ٹرمینل نمبر 3 کے قریب پیش آیا، جب راج باری سے ڈھاکہ جانے والی بس فیری پر سوار تھی اور اچانک دریا میں جا گری۔
اطلاعات کے مطابق بس میں تقریباً 40 افراد سوار تھے، تاہم عینی شاہدین کے مطابق تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ راستے میں مزید مسافر بھی سوار ہوئے تھے۔
ریسکیو ٹیموں نے فائر سروس اور غوطہ خوروں کی مدد سے آپریشن شروع کیا، اور تقریباً چھ گھنٹے بعد بس کو دریا سے نکال لیا گیا۔ رات 11 بج کر 30 منٹ پر کرین کی مدد سے مکمل بس باہر نکالی گئی۔



