تل نوف سے دوحہ تک دھماکے، قائد کی موت کا جواب – 27 امریکی اڈے نشانے پر
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مغربی ایشیا میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا کہ خطے میں 27 امریکی اڈوں پر میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں سے حملے کئے گئے۔
ایران کے مطابق اسرائیل میں تل نوف فضائی اڈہ اور فوجی ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ دفاعی صنعت سے وابستہ تنصیبات پر بھی حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات ملیں، جس سے فضا گونج اٹھی۔
اسی دوران متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں بھی زور دار دھماکے سنائی دیے۔ اطلاعات کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے کئی ہتھیار فضا میں ہی تباہ کر دیے، تاہم ملبہ گرنے سے جبل علی بندرگاہ کے علاقے میں آگ بھڑک اٹھی۔
بحرین نے بھی ہنگامی ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں کو سائرن بجتے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا۔
دوسری جانب عراق کے اربیل ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں اور بغداد کے گرین زون میں کشیدگی کی اطلاعات ہیں۔ خطے میں سائرن بجنے اور دھماکوں کے سلسلے نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
ایران نے ان کارروائیوں کو ’’وعدۂ صادق‘‘ نامی آپریشن کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس کے قائد کی موت کا جواب ہے۔ خطے کی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور عالمی برادری کی نظریں اس کشیدہ ماحول پر مرکوز ہیں۔



