دبئی ایر پورٹ سے پروازیں بحال

نئی دہلی ۔ دبئی حکام نے اعلان کیا ہے کہ “ڈرون سے متعلق پیش آنے والے واقعہ” کے بعد مسافروں اور عملے کی حفاظت کے پیشِ نظر دبئی ایئرپورٹ پر عارضی طور پر معطل کی گئی پروازیں اب بحال کر دی گئی ہیں اور فلائٹس مرحلہ وار دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔
دبئی میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چند منتخب مقامات کے لیے پروازوں کی بتدریج بحالی کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے آپریشنز معمول پر لانے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے شیڈول اور تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔یاد رہے کہ ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد لگنے والی آگ کے باعث ایئرپورٹ پر موجود ایک فیول ٹینک متاثر ہوا تھا جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سے صرف 2025 کے دوران تقریباً 9 کروڑ مسافروں نے سفر کیا۔



