انٹر نیشنل

غزہ میں پھر آگ بھڑکنے کو تیار — نیتن یاہو کا اسرائیلی فوج کو ’فوری اور طاقتور حملوں‘ کا حکم

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے منگل کے روز اسرائیلی فوج  کو غزہ پٹی میں فوری اور شدید فضائی و زمینی کارروائیوں کا حکم دیا۔ یہ ہدایت اس وقت جاری کی گئی جب اسرائیل نے حماس پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا۔

 

وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو نے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ بیان کے مطابق ’وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے آئی ڈی ایف کو ہدایت دی ہے کہ وہ غزہ پٹی میں فوری اور طاقتور حملے کرے۔

 

سرکاری ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب جنوبی غزہ کے علاقے میں اسرائیلی فورسز پر حملہ کیا گیا۔ یہ کشیدگی ایسے وقت میں بڑھی ہے جب اسرائیل میں اس بات پر غصہ بڑھ رہا ہے کہ حماس نے مبینہ طور پر یرغمالیوں کی نعشوں کی واپسی سے متعلق شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔

 

دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القصام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ وہ ایک لاپتہ اسرائیلی یرغمالی کی نعش کی حوالگی عارضی طور پر ملتوی کر رہی ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی ہیں، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔

 

تلگرام پر جاری ایک بیان میں حماس نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے دوبارہ حملہ شروع کیے تو اس کے نتیجے میں نعشوں کی تلاش اور حوالگی کے انسانی مشن متاثر ہوں گے۔

 

اس سے کچھ دیر قبل حماس نے اسرائیل پر الزام لگایا تھا کہ وہ غزہ میں نئی جارحانہ کارروائیوں کے لیے جھوٹے بہانے تراش رہا ہے۔ گروپ نے مزید کہا کہ اسرائیل نعشوں کی تلاش میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور ثالثوں سے اپیل کی کہ وہ انسانی بنیادوں پر اس عمل کو سیاسی دباؤ سے آزاد رکھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button