بچوں میں تحریری صلاحیت کے فروغ کے لیے تحریری مقابلہ کا انعقاد،چیرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

بچوں میں تحریری صلاحیت کے فروغ کے لیے تحریری مقابلہ کا انعقاد،چیرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد 16ستمبر (پریس ریلیز ) چیئرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے بتلایا کہ موجودہ دور میں جہاں ہر شعبہ زندگی میں اظہارِ خیال اور تخلیقی سوچ کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے، وہاں بچوں میں تحریری صلاحیتوں کی پرورش نہایت ضروری قرار پائی ہے۔ اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر دفتر لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن بنجارہلزروڑنمبر12پر ایک منفرد تحریری مقابلہ کا انعقاد کیا تاکہ بچے اپنی تخلیقی سوچ کو منظم انداز میں تحریر کی صورت پیش کریں اور علمی و فکری میدان میں اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔
اس تحریری مقابلے کا موضوع دین اسلام کی بنیادی تعلیمات، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، صحابیات کرام کی عمدہ کردار شناسی اور جدید دور میں دین کی عملی اہمیت پر مرکوز رکھا گیا۔ بچے نہ صرف اپنی تحریری مہارتوں کا مظاہرہ کر سکے بلکہ ان موضوعات پر گہرائی سے مطالعہ اور فکری تجزیہ بھی پیش کریں۔مقابلے میں بچوں نے پرجوش انداز میں اپنی تحریریں پیش کیں جن میں اخلاقی اقدار کی اہمیت، دین کے اصولوں پر عمل، رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزارنے کی ترغیب اور معاشرتی فلاح کے لیے دین اسلام کی رہنمائی شامل تھی۔ ہر تحریر میں بچوں کی دلچسپ فکر اور دینی شعور کی جھلک نمایاں تھی، جو جج صاحبان کے لیے بھی قابلِ تحسین رہی۔
اس پروگرام کا مقصد بچوں کو محض علمی معلومات تک محدود رکھنا نہیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں دین اسلام کی روشنی میں کردار سازی کی طرف راغب کرنا اور تخلیقی انداز میں اظہارِ خیال کی ترغیب دینا تھا۔ شرکاء کو موقع دیا گیا کہ وہ نہ صرف دینی موضوعات پر تحریر کریں بلکہ اپنی سوچ کو مؤثر انداز میں ترتیب دیں اور اپنی تحریر کے ذریعے معاشرتی مثبت تبدیلی کی جانب قدم بڑھائیں۔
علمائے کرام اور تعلیمی ماہرین نے اس پروگرام کی اہمیت پر زور دیا اور بچوں کو دین و دنیا کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے اخلاقی و فکری ترقی کی راہوں پر گامزن رہنے کی ترغیب دی۔ والدین نے بھی بچوں کی محنت اور دلچسپی کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ اس قسم کے پروگرام بچوں کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔: یہ تحریری مقابلہ بچوں کی فکری ترقی، تحریری اظہار کی مہارت اور دینی شعور کو پروان چڑھانے کی ایک مثبت اور بامعنی کوشش ہے۔ آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ نئی نسل دینِ حق کی روشنی میں علم و عمل کا مظہر بن کر معاشرتی فلاح میں اپنا کردار ادا کرے۔