حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر 100 سے زائد راکٹوں کی بارش کردی۔ جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑا حملہ

نئی دہلی ۔ حزب اللہ نے جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیل پر اب تک کے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک کرتے ہوئے بیک وقت تقریباً 100 راکٹ فائر کیے اور ’آپریشن العصف المأکول‘ کے آغاز کا اعلان کیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سینئر اسرائیلی دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ اس حملے میں حزب اللہ اور ایران نے مشترکہ طور پر شمالی اسرائیل کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
حکام کے مطابق اس حملے کے بعد شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل کے اپر گلیلی علاقے میں ایک رہائش گاہ پر راکٹ حملے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر فائٹرز نے ممکنہ آگ سے بچاؤ کے لیے رہائش گاہ کا برقی کا کنکشن منقطع کر دیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پورے ملک میں سائرن بج اٹھے اس کے بعد حزب اللہ اور ایران نے چہارشنبہ کی رات اسرائیل پر مشترکہ حملہ کیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ حزب اللہ نے بدھ کی رات شمالی اسرائیل پر ایک ہی حملے میں 100 سے زائد راکٹ داغے۔اس دوران اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان کرنل (ریٹائرڈ) Avichay Adraee نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دہیہ، جو حزب اللہ کا مضبوط قلعہ مانا جاتا ہے، کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقے کو خالی کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے چہارشنبہ کی سہ پہر بھی ایک وارننگ جاری کی تھی لیکن یہ تازہ وارننگ اس کے بعد آئی جب حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کی طرف 100 سے زائد راکٹوں کی بارش کی اور کم از کم ایک راکٹ براہِ راست ہدف پر لگا۔




