جنگ کا اثر۔ ایئر انڈیا کے کرایوں میں ہوگا زبردست اضافہ

نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باعث ہوائی جہاز کے ایندھن (اے ٹی ایف) کی قیمتوں میں اضافہ کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس 12 مارچ سے ہر گھریلو پرواز کے ٹکٹ پر 399 روپے کا فیول سرچارج عائد کریں گی۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے بھی فیول سرچارج میں اضافہ کیا جائے گا۔ایئر انڈیا گروپ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے سرچارج نظام کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 12 مارچ سے گھریلو پروازوں اور جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے ممالک کے لیے پروازوں پر فی ٹکٹ 399 روپے فیول سرچارج لاگو ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی ایشیا کی پروازوں کے لیے فیول سرچارج 10 امریکی ڈالر ہوگا جبکہ افریقہ کی پروازوں کے لیے یہ 30 امریکی ڈالر سے بڑھا کر 90 امریکی ڈالر کر دیا جائے گا۔ اسی طرح جنوب مشرقی ایشیا کی پروازوں کے لیے یہ 20 امریکی ڈالر سے بڑھا کر 60 امریکی ڈالر کر دیا جائے گا
جس میں سنگاپور کی پروازیں بھی شامل ہیں۔ اس وقت سنگاپور کی پروازوں پر کوئی فیول سرچارج عائد نہیں کیا جاتا۔ایئر انڈیا گروپ کے بیان کے مطابق، “ایئر انڈیا گروپ نے آج اپنے گھریلو اور بین الاقوامی روٹس پر فیول سرچارج کو مرحلہ وار بڑھانے کا اعلان کیا ہے، جو خلیجی خطے میں پیدا ہونے والی
جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے باعث جیٹ ایندھن کی قیمتوں میں تیز اضافے کی وجہ سے ضروری ہو گیا ہے۔”



