ہندوستانی شہری ایران چھوڑ دیں۔ سفارت خانہ ہند کی ایڈوائزری

نئی دہلی: ایران میں جاری احتجاج کے پرتشدد رخ اختیار کرنے کے پیش نظر وہاں موجود ہندوستانی سفارت خانے نے ملک میں مقیم بھارتی شہریوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سفارت خانے نے دستیاب سفری ذرائع کے ذریعے ایران چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے بھی اگلے نوٹس تک ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ایران میں بھارتی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا“مقامی حالات میں ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر ایران میں موجود بھارتی شہریوں اور بھارتی نژاد افراد کو انتہائی احتیاط برتنی چاہیے۔
احتجاج اور مظاہروں والے علاقوں سے دور رہیں۔ سفارت خانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ بھارتی شہری اپنے پاسپورٹ، شناختی کارڈز سمیت سفر اور امیگریشن سے متعلق تمام دستاویزات تیار رکھیں۔ جن افراد نے ابھی تک سفارت خانے میں اندراج (رجسٹریشن) نہیں کروایا ہے وہ فوری طور پر کروائیں۔”
ایران میں حکومت مخالف مظاہرے شدید شکل اختیار کر چکے ہیں۔ اب تک 2500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے احتجاج جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ان حالات کے پیش نظر ہندوستانی وزارتِ خارجہ پہلے ہی ایک بار شہریوں کو خبردار کر چکا ہے
اور ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔



