ہندوستانی خاتون عازم حج ملک سے نکلی اور راستہ بدل کر ملک عدم چلی گئی
ریاض ۔ کے این واصف
تقدیر مین کیا لکھا ہے وہ صرف کاتب تقدیر ہی جانتا ہے۔ ایک ہندوستانی عازم حج اتوار کو کولکتہ ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی۔ مومنہ خاتون نامی اس مسافر کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑا۔ پرواز کو فوری طور پر ڈی روٹییڈ کرکے ریاض ایرپورٹ پر اتارا گیا۔ خاتون کو کنگ عبدللہ ہاسپٹل لے جایا گیا۔ جہاں کچھ دیر بعد ہی وہ دوران علاج جاں بحق ہوگئیں۔
اس واقع کی اطلاع سفارت خانہ ہند ریاض کو دی گئی۔ سکریٹری کمیونٹی ویلفیر معین اختر کے تعاون سے سفارت خانہ کے مسلمہ سماجی کارکن شہاب کٹوکاڈ نے اس خاتون کے ریاض مین تدفین کی تمام کاروائی مکمل کی۔ پیر کے روز شام ریاض میں اس خاتون کی تدفین عمل میں آئی۔ خاتون کے ہمراہ ان کے شوہر محمد صدرالحق اور فرزند محمد معراج بھی ہیں۔ اس خاندان کا تعلق ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ سے ہے۔ تدفین میں خاتون کے شوہر، فرزند، شہاب کٹوکاڈ، بہار کمیونٹی کے افراد وغیرہ نے شرکت کی۔
مرحومہ کے فرزند محمد معراج نے راقم کو بتایا کہ وہ کل ریاض سے مدینہ منورہ کے لئے پرواز کریں گے اور زیارت مدینہ منورہ اور مناسک حج کی ادائیگی کے بعد وطن لوٹیں گے۔ معراج نے پردیس میں ان کی مدد کرنے کے لئے سفارت خانہ ہند ریاض اور سماجی جہدکار و پرواسی بھارتیہ ایوارڈ یافتہ شہاب کٹوکاڈ کی ستائش کی اور شکریہ ادا کیا۔