انٹر نیشنل

مسلم تھنک ٹینک ملت کی ناکامیوں کے بجائے ان وجوہات اور حل پر غور کریں 

ریاض ۔ کے این واصف

حیدرآباد: امت مسلمہ ظلم، ناانصافی، تعصب اور اپنی پسماندگی پر آہ و بکا کی بجائے اپنی اس حالت زار کی وجوہات پر غور کریں۔ وہ اس پر غور کریں کہ ہم اس مقام پر کیسے اور کیوں پہنچے۔ یہ بات سابق صدر دہلی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں نے کہی۔ وہ ریاض میں ان کے اعزاز مین منعقد استقبالیہ تقریب سے خطاب کرہے تھے۔
ایڈیٹر “ملی گزٹ” ڈاکٹر ظفر نے مزید کہا کہ ہماری بدحالی کا بنیادی سبب تعلیم کی کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پچھلے چند برسوں میں ملت میں کچھ تعلیمی شعور آیا ہے اسے ہم انفرادی بیداری کہہ سکتے ہیں۔ مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ ہماری قوم میں حصول علم کا ایک اجتماعی جذبہ یا شعور پیدا ہو۔ ممتاز مفکر و عالم دین مولانا وحید الدین خاں کے فرزند ڈاکٹر خاں نے کہا کہ ہماری قوم میں علم سے بے توجہی صدیوں پرانی ہے۔ جس وقت مغرب میں آکسفورڈ یونیورسٹی تعمیر ہو رہی تھی تب مسلمان تاج محل یا اس جیسے سینکڑون پروجکٹس پر اپنی دولت صرف کرہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنی پسماندگی کا سبب اقلیت میں ہونے کو سمجھتے ہیں پارسی طبقہ ملک کا چھوٹا ترین طبقہ ہے اور یہ طبقہ ملک میں اعلی ترین مقام پر ہے۔ اور یہ علم کی بدولت ہے۔
ظفر الاسلام نے کہا کہ ہم سے ہماری ملکیتین چھینی جارہی ہیں، لنچنگ، دنگے فساد کے نام پر ہماری نسل کشی کی جارہی ہے، لیکن اس پر میڈیا کا یجاہل عارفانہ اس ظلم کو دنیا کے علم آنے نہیں آنے دے رہا ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک اور بیرون ملک کے انصاف پسند صحافتی ادارون تک ان حقائق کو پہچائیں۔
انھون نے کہا کہ ملک میں صرف مسلمان ہی ظلم اور ناانصافی کا شکار نہیں ہیں۔ چھوٹی جاتی تصور کئے جانے والے اور دلت طبقہ ہم سے زیادہ ظلم کا شکار ہے۔ اگر سارے مظلوم متحد ہوجائیں تو ظالموں کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ممکنہ حد تک اکثریتی طبقہ سے میل ملاپ بڑھانا چاہئے۔ ظفر الاسلام نے سر سید احمد خاں کی دوراندیشی کی بھی ستائش کی۔ اس تقریب کا اہتمام علیگڈھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز اسوسی ایشن ریاض (اموبا)نے سماجی تنظیم “احساس” اور بہار انجمن تعاون سے کیا تھا۔
ریاض کے مضافات میں موجود ایک وسیع فنکشن ھال میں منعقد اس تقریب کا آغاز قاری امتیاز احمد کی قراُت کلام پاک سے ہوا۔ خطبہ استقبالیہ اموبا کے صدر ابرار حسین نے پیش کیا۔ سابق بیورو چیف “عرب نیوز” ڈاکٹر محمد غضنفر علی خاں نے مہمان خصوصی ڈاکٹر ظفر الاسلام کا تعارف پیش کیا۔
معروف ہندوستانی بزنس مین و صاحب خیر ڈاکٹر ندیم ترین، صدر “احساس” شہاب خاں نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔
جوان سال شاعر و سماجی جہت کار مرغوب محسن نے پر اثر انداز مین نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس تقریب مین ہندوستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جس کا اختتام عابد حسین کے ہدیہُ تشکر پر ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button