انٹر نیشنل

سعودی وزارت حج و عمرہ – موسم سرما میں فلو سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کو ہدایات

 

ریاض ۔ کے این واصف

مکہ مکرمہ میں بغرض عمرہ بیک وقت لاکھوں افراد جمع رہتے ہیں ان زائرین کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے ہوتاہے۔ ان زائرین کی اکثریت انفکشن کا شکار ہوکر نزلہ، کھانسی، بخار وغیرہ میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ موسم سرما اور بارش میں یہ خدشات اور بڑھ جاتے ہیں۔ اس سلسلہ میں عازمین کو وزارت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلسہ میں وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ موسم سرما کا آغاز ہوچکا ہے ایسے میں عمرہ زائرین اپنی صحت کا خیال رکھیں تاکہ بہتر طریقے سے عبادات و مناسک ادا کر سکیں۔

 

مقامی میڈیا میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ موسم سرما میں فلو، کھانسی اور نزلہ و زکام عام ہوجاتا ہے۔مذکورہ موسمی بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ چند احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔   وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر میں مزید کہا گیا ہے کہ فلو کی صورت میں فوری طور پر مقررہ طبی مراکز سے رجوع کریں جہاں موجود طبی عملہ ضروری ادویات فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مین تمام زائرین (سوائے اقامہ ہولڈرز) کو سرکاری دواخانوں میں مفت طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

 

احتیاطی تدابیر میں ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے خاص کر رفع حاجت کے بعد ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھوئیں اور کھانا کھانے سے قبل بھی لازمی طورپرہاتھوں کو اچھی طرح دھویا جائے۔جسمانی قوت مدافعت کو برقرار رکھنے کے لیے متوازن غذائیں استعمال کریں۔ پھل اورسبزیاں کھانے سے قبل انہیں اچھی طرح دھو لیں۔ایسے افراد جو تنفس کی بیماری کا شکار ہوں ان سے مصافحہ کرنے سے گریز کریں۔ چھینک آنے کے صورت میں منہ پر رومال یا ٹیشو پیپر رکھ لیں۔

 

عمرہ کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ نے فلو سے بچاو کے لیے ویکسین لگوا لی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button