انٹر نیشنل

ایران کا بڑا اعلان: امریکہ سے تمام روابط منقطع، ہرمز بحران پر جنگ کے بادل گہرے

آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے لئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہونے کے قریب پہنچنے کے ساتھ ہی ایران نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے امریکہ کے ساتھ جاری امن مذاکرات کے دروازے بند کر دیے ہیں۔

 

ایران کے سرکاری میڈیا ادارے تہران ٹائمس کے مطابق، “ایران نے امریکہ کے ساتھ تمام سفارتی اور بالواسطہ رابطوں کے راستے منقطع کر دیے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کے تبادلے کو بھی روک دیا گیا ہے۔” یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری کیا گیا۔

 

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے دی گئی مہلت بھارتی وقت کے مطابق چہارشنبہ کی صبح 5:30 بجے (امریکی وقت کے مطابق منگل رات 8 بجے) ختم ہونے والی ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر مقررہ وقت تک آبنائے ہرمز کو نہیں کھولا گیا تو ایران میں پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ حالیہ بیان میں انہوں نے یہاں تک کہا کہ “ایرانی تہذیب آج رات ختم ہو سکتی ہے۔”

 

ٹرمپ کے ان بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کو بھی سخت جواب دیا جائے گا۔ اسی تناظر میں مصر، پاکستان اور ترکیہ کی ثالثی میں جاری مذاکرات کو بھی ایران نے ختم کر دیا ہے۔

 

واضح رہے کہ امن مذاکرات کے تحت 45 دن کی جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی تھی، جسے ایران پہلے ہی مسترد کر چکا ہے، اور اب سفارتی راستے بند ہونے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button