سعودی عرب کے آرامکو ریفائنری پر ایرانی ڈرون حملہ
ایران کی جوابی کارروائیوں کے بعد مغربی ایشیا میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھتی جارہی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے اہم اور بڑے تیل صاف کرنے والے ادارے Saudi Aramco کی راس تنورہ ریفائنری کو مبینہ طور پر ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق یہ حملہ ایران کے شاہد-136 ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے فوراً بعد ریفائنری کے احاطے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے اور کچھ ہی دیر میں آگ کے شعلے بلند ہوگئے۔ واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، جن میں آگ کے شعلے اور ہنگامی صورتحال صاف دیکھی جاسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر ریفائنری کے بعض حصوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا، جبکہ ہنگامی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ سرکاری سطح پر ابھی تک کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر اس نوعیت کے حملوں میں اضافہ ہوا تو عالمی تیل منڈیوں پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ سعودی حکام کی جانب سے واقعہ کی باضابطہ تفصیلات اور ذمہ داروں کے تعین کا انتظار کیا جارہا ہے، جبکہ خطے میں سکیورٹی الرٹ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔



