انٹر نیشنل

آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے ہوں گے: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا سخت انتباہ

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید جنگی کشیدگی کے دوران ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے پہلی بار سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دشمنوں پر دباؤ بڑھانے کے لئے آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رکھی جائے گی۔

 

اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے، بصورتِ دیگر ایران ان پر حملے جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے خلاف ہونے والے حملوں اور نقصانات کا ہرجانہ دشمنوں سے وصول کرے گا، ورنہ ان کی املاک کو تباہ کردیا جائے گا۔

 

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ مناج اسکول پر حملے سمیت ایران پر ہونے والے مختلف حملوں کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اپنی سرزمین پر ہونے والی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

 

ایران کے سرکاری میڈیا نے سپریم لیڈر کے اس بیان کو باقاعدہ نشر کیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی خفیہ اداروں کا دعویٰ ہے کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہوگئے تھے، تاہم ایران کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

 

سپریم لیڈر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے، لیکن ان ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مشکل حالات میں ایرانی فوجیوں کی بہادری کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

 

انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کو مفت طبی علاج فراہم کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد بھی دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button