ایران سے اسلام آباد تک فضاؤں میں سیکیورٹی شیلڈ: پاکستانی فضائیہ کی نگرانی میں ایرانی وفد کا محفوظ سفر

پاکستان فضائیہ کی جانب سے ہائی سیکیورٹی آپریشن انجام دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے تحت امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان آنے والے ایرانی وفد کو فضائی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے لڑاکا طیارے ایرانی وفد کے طیارے کو ایران سے اسلام آباد تک اسکواٹ کر رہے ہیں اور اس دوران ایران کی فضائی حدود میں بھی داخل ہوئے۔ اس حساس مشن کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے، خصوصاً اسرائیلی حملے کے خدشے کے پیش نظر فوری ردعمل کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس آپریشن میں ایک جدید AWACS طیارہ بھی شامل ہے، جو نہ صرف فضائی نگرانی کر رہا ہے بلکہ ایرانی وفد کے جہاز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے اس کی مکمل حفاظت کو یقینی بنا رہا ہے۔ پاکستانی جنگی طیارے سعودی عرب اور خلیج فارس کے فضائی علاقوں میں گشت کرتے ہوئے اس مشن کو انجام دے رہے ہیں، تاہم وہ کسی بھی مقام پر زمین پر نہیں اتر رہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی اقدام اس خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے کہ اسرائیل یا اس کے حامی عناصر ایرانی وفد کے طیارے کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ماضی میں بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جہاں مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے حملے کیے گئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان فضائیہ کا یہ اقدام نہ صرف ایک سفارتی ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے بلکہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے درمیان ایک اہم دفاعی حکمت عملی بھی قرار دیا جا رہا ہے۔



