اسرائیل کے کئی شہروں میں ایرانی میزائلوں کی بارش – حیفہ شہر میں سرکاری عمارت کو نشانہ ؛ 19 افراد زخمی

اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب، نیگیو اور حیفہ سمیت کئی شہری علاقوں پر ایران نے میزائل حملے کئے
جمعہ کے دن ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے نتیجے میں اسرائیل کے شمالی بندرگاہی شہر حیفہ میں کم از کم 19 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حملے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوسرے ہفتے میں سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ایران کے جوہری تنصیبات اور فوجی اڈوں پر اسرائیل کے بڑے پیمانے پر حملے کے بعد سے ایران روزانہ کی بنیاد پر اسرائیل پر میزائل حملے کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق، ایک میزائل اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دے کر حیفہ شہر کے بندرگاہی علاقے میں جا گرا، جہاں اس نے ایک عمارت کو نقصان پہنچایا، کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور کر دیے اور ملبہ اردگرد بکھر گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ عمارت اسرائیل کے مسنٹری آف انٹرئیر کی تھی جس میں کام کرنے والے زخمی ہوگئے ۔
حیفہ کے رمبم ہاسپٹل کے ترجمان نے بتایا کہ ان حملوں میں 19 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی ایمبولینس سروس "ماگن ڈیوڈ آدوم” نے دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، جنہیں گرنے والے میزائل کے ٹکڑوں سے نقصان پہنچا، تاہم مقام ظاہر نہیں کیا گیا۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے ایک بیان میں کہا کہ "ایرانی میزائل حیفہ کی ’الجرینہ مسجد‘ پر بھی گرا، جس کے نتیجے میں نماز پڑھنے والے مسلم علما اور نمازی زخمی ہوئے۔”
اسرائیل کے وزیر خارجہ گیڈیون ساعر نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ "ایرانی حکومت مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودی شہریوں کے ساتھ ساتھ عام شہری مقامات کو نشانہ بنا رہی ہے۔ یہ جنگی جرائم ہیں۔”
ایک فوجی اہلکار کے مطابق، تازہ ترین ایرانی حملے میں تقریباً 20 میزائل اسرائیل کی جانب داغے گئے۔
فضائی حملے کے سائرن بجنے کے تقریباً 20 منٹ بعد اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کیا کہ لوگ اب پناہ گاہیں چھوڑ سکتے ہیں۔
جمعے کے روز اس سے قبل بھی ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے پر ملک کے بعض حصوں میں سائرن بجائے گئے تھے۔