اسماعیل ھنیہ کو کم دوری سے وار کرنے والے میزائل کے ذریعہ شہید کیا گیا ! دو درجن سے زائد افراد شک کی بنیاد پر گرفتار

حیدرآباد _ 3 اگست ( اردولیکس ڈیسک) حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت کے بعد ایران میں شک کی بنیاد پر دو درجن سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اسماعیل ھنیہ کی شہادت کے بعد سکیوریٹی کوتاہیوں کے الزامات لگائے گئے تھے۔ بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ اسماعیل ھنیہ کی ہلاکت میں استعمال ہونے والا بم مہینوں پہلے اسمگل کیا گیا تھا۔ لیکن اس تعلق سے مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ اسماعیل ھنیہ کو کس طرح ہلاک کیا گیا۔
ایرانی عہدہ دار اس بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس دوران ایران کی ریولشنری گارڈس نے کہا ہے کہ حماس لیڈر اسماعیل ھنیہ کو کم دوری سے وار کرنے والے میزائل کے ذریعہ ہلاک کیا گیا تھا۔ ایک بیان میں آر آئی جی سی نے کہا کہ صہیونی نظام نے اس حملے کی منصوبہ بندی کی، جسے امریکہ کی مجرمانہ حکومت کا ساتھ حاصل رہا۔ یہ بھی کہا گیا کہ ایران مناسب وقت اور مقامات پر سخت جواب دے گا
واضح رہے کہ چہارشنبہ کی رات دو بجے اسماعیل ھنیہ پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب وہ ایرانی صدر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد تہران کے ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس میں سو رہے تھے