اسرائیل اور ایران مکمل جنگ بندی پر راضی ہوگئے ؛ آیندہ 12 گھنٹوں میں جنگ ختم – امریکی صدر ٹرمپ کا اعلان

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کئی دنوں سے میزائل حملے کرنے والے ان دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کی علی الصبح 3:32 بجے (بھارتی وقت کے مطابق) اپنی سوشل میڈیا سائٹ ’ٹروتھ‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اعلان کیا۔
یہ اعلان 12 دن سے جاری جنگ کے خاتمے کا اشارہ ہے۔ اگلے چند گھنٹوں میں باقاعدہ جنگ بندی کا آغاز ہوگا، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر اس جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان کیا جائے گا۔
اس موقع پر ٹرمپ نے دونوں ممالک کو مبارکباد دی اور کہا کہ "سب کو مبارک ہو! اسرائیل اور ایران مکمل جنگ بندی پر راضی ہوگئے ہیں۔ اگلے 6 گھنٹوں میں جنگ بندی کی کارروائی شروع ہوگی، اور 12 گھنٹوں میں جنگ کا باضابطہ خاتمہ ہوگا۔ سب سے پہلے ایران فائر بندی کا آغاز کرے گا، جس کے بعد اسرائیل بھی ایسا ہی کرے گا۔ یوں 12 دن کی جنگ ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جب ایک ملک جنگ بندی کرتا ہے تو دوسرے ملک کو بھی امن اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے سب کچھ صحیح طریقے سے ہوگا۔ اگر یہ جنگ جاری رہتی تو پورا مغربی ایشیا تباہ ہو جاتا۔ لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، دنیا بھر کے ممالک اور امریکہ سب پر خدا کی مہربانی ہو گی۔”
یاد رہے کہ ایران نے امریکہ کے فوجی اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے ’آپریشن بشارت الفتح‘ کے نام سے جوابی کارروائی کی تھی۔ اس پر طنز کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے پہلے سے خبردار کر دیا تھا، جس کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب ایران اپنا رویہ بدلے گا اور امن کی طرف قدم بڑھائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اسرائیل کو بھی امن معاہدے کے لیے آمادہ کرنے میں مدد دیں گے۔
آخر میں ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اب دونوں ممالک نے جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔