اسرائیل ایران کو اپنی فوجی صلاحیتیں بحال نہیں کرنے دے گا ۔ اسرائیلی فوج

نئی دہلی: نئے سرے سے شروع ہونے والی لڑائی، جسے اسرائیل نے "آپریشن را رنگ لائن” کا نام دیا ہے، کے 36 گھنٹے سے بھی کم وقت میں آئی ڈی ایف نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اس وقت تقریباً 2,500 بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق جون 2025 کی جنگ سے قبل آئی ڈی ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران میزائلوں کی پیداوار تیز کر رہا ہے اور دو برسوں میں اپنے ذخیرے کو تقریباً 3,000 سے بڑھا کر 8,000 تک لے جانا چاہتا ہے۔اس تنازع کے دوران ایران نے اسرائیل پر 500 سے زائد میزائل داغے تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے فضائی حملوں میں سینکڑوں میزائل تباہ کیے اور تیاری کے ڈھانچے کو نشانہ بنا کر مزید 1,500 میزائلوں کی تیاری روک دی۔آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ایران میزائل سازی کی صلاحیت بحال کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے
اور ہر ماہ درجنوں میزائل تیار کر رہا ہے جبکہ پیداوار میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔فوج کے بیان میں کہا گیا "ایسے نظام کے پاس میزائلوں کی موجودگی جو ریاستِ اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے ایک وجودی خطرہ ہے۔”
مزید کہا گیا کہ اسرائیل ایران کو اپنی فوجی صلاحیتیں بحال نہیں کرنے دے گا اور جہاں بھی اور جب بھی ضرورت پڑی خطرات کے خاتمے کے لیے کارروائی جاری رکھے گا۔



