کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ، خالصتانی دہشت گرد کی جانب سے حملہ کی ذمہ داری قبول

کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ، خالصتانی دہشتگرد کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول
کینیڈا کے شہر سرے (برٹش کولمبیا) میں واقع مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما کے نئے کھولے گئے کیفے ‘کپس کیفے’ پر چہارشنبہ کی رات فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق کیفے پر کم از کم نو فائر کئے گئے۔ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم واقعہ کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے ہیں۔
یہ کیفے کپل شرما کا ریستوران کے شعبے میں پہلا قدم ہے جس میں ان کی اہلیہ گنی چتراتھ بھی شریک ہیں۔ کیفے کی افتتاحی تقریب چند دن قبل ہی منعقد ہوئی تھی۔
واقعہ کی ویڈیو میں ایک شخص کو گاڑی میں بیٹھے کیفے کی کھڑکی پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فائرنگ کی ذمہ داری خالصتانی دہشت گرد ہر جیت سنگھ لڈی نے قبول کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ کپل شرما کے ایک سابقہ بیان سے ناراض تھا جس کے بعد اس نے یہ حملہ کروایا۔
ہر جیت سنگھ لڈی بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی کو انتہائی مطلوب دہشتگردوں میں شامل ہے اور وہ باببر خالصہ انٹرنیشنل سے وابستہ ہے۔ وہ وشو ہندو پریشد کے رہنما وکاس پربھاکر عرف وکاس بگا کے قتل میں بھی مطلوب ہے، جنہیں اپریل 2024 میں پنجاب کے ضلع روپ نگر میں ان کی دکان پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
پولیس اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور تفتیش جاری ہے۔