ٹویٹر سمیت کئی اہم ویب سائیٹس کام نہیں کررہے، صارفین پریشان

نئی دہلی: انٹرنیٹ کی بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے والی معروف کمپنی کلاؤڈ فلیئر میں منگل کو دوپہر کے وقت سنگین فنی خرابی پیدا ہو گئی جس کے نتیجے میں دنیا بھر کی متعدد بڑی ویب سائٹس اور سروسز چند گھنٹوں کے لیے بند یا
سست ہو گئیں۔متاثر ہونے والی اہم ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، چیاٹ جی پی ٹی (اوپن اے آئی)، لیٹر باکسڈ، لیگ آف لیجنڈز، بیٹ 365 اور سیج سمیت کئی دیگر شامل ہیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر جیسی نگرانی کرنے والی ویب سائٹس پر ان سروسز کے لیے شکایات میں اچانک اور زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کلاؤڈ فلیئر نے خود اپنے اسٹیٹس پیج پر تصدیق کی کہ "کلاؤڈ فلیئر کو ایک مسئلے کا علم ہو گیا ہے جو متعدد صارفین کو متاثر کر سکتا ہے۔ ہم اس کی تحقیق کر رہے ہیں اور جلد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔”کمپنی نے صبح سے شام
تک کئی اپ ڈیٹس جاری کیں جن میں کبھی سروسز کی بحالی اور کبھی دوبارہ خرابی کی اطلاعات شامل رہیں۔ تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق غلطیوں کی شرح اب بھی معمول سے زیادہ ہے تاہم کئی ویب سائٹس آہستہ آہستہ دوبارہ آن
لائن آ رہی ہیں۔ کلاؤڈ فلیئر نے مسئلے کو مکمل طور پر حل قرار نہیں دیا۔ماہرین کے مطابق کلاؤڈ فلیئر انٹرنیٹ کی بنیادی ڈھانچے کا اہم حصہ ہے جو ویب سائٹس کو تیز، محفوظ اور حملوں سے بچاتی ہے۔ جب اس کا نیٹ ورک متاثر ہوتا ہے تو
دنیا بھر میں لاکھوں ویب سائٹس ایک ساتھ متاثر ہو جاتی ہیں چاہے وہ ایک دوسرے سے بالکل غیر متعلق ہوں۔یاد رہے کہ ایک ماہ قبل ایمیزون ویب سروسز (اے ڈبلیو ایس) میں بھی ایسی ہی خرابی پیدا ہوئی تھی جس نے انٹرنیٹ کے بڑے
حصے کو چند گھنٹوں کے لیے مفلوج کر دیا تھا۔ فی الحال اے ڈبلیو ایس اس نئی خرابی سے متاثر نہیں ہوا۔متاثرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خود کوئی تکنیکی حل آزمانے کی بجائے صبر سے کام لیں کیونکہ زیادہ تر مسائل کلاؤڈ فلیئر کی طرف سے خود بخود حل ہو جائیں گے۔



