انٹر نیشنل

امریکہ کی ریاست ٹینیسی میں فوجی اسلحہ فیکٹری میں زبردست دھماکہ — 19 افراد لاپتہ، فیکٹری مکمل طور پر تباہ

امریکہ کی ریاست ٹینیسی میں فوجی اسلحہ فیکٹری میں زبردست دھماکہ — 19 افراد لاپتہ، فیکٹری مکمل طور پر تباہ

 

امریکی ریاست ٹینیسی (Tennessee) کے علاقے بکس نارٹ (Bucks North) میں جمعہ کی صبح ایک زبردست دھماکہ پیش آیا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 45 منٹ پر یہ دھماکہ ایک فوجی اسلحہ تیار کرنے والے پلانٹ میں ہوا، جو نیش وِل (Nashville) سے تقریباً 80 کلومیٹر دور واقع ہے۔

 

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ 19 افراد لاپتہ ہیں، جب کہ فیکٹری کے اطراف کھڑی کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آکر جل گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق فضا میں گھنا دھواں پھیل گیا اور کئی میل دور تک دھماکے کی آواز سنائی دی۔ آس پاس کے گھروں اور عمارتوں کو بھی جھٹکے محسوس ہوئے۔ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں دھماکے کے مناظر ریکارڈ ہوگئے ہیں۔

 

ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے بتایا کہ دھماکے کی اصل وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے پہلے کبھی ایسا واقعہ نہیں دیکھا۔ فیکٹری کا پورا علاقہ راکھ میں تبدیل ہوگیا ہے، کئی کلومیٹر تک ملبہ بکھرا پڑا ہے۔

 

ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ ‘Accurate Energetic Systems’ نامی کمپنی کے پلانٹ میں پیش آیا، جہاں دھماکہ خیز مواد کی تیاری اور تحقیق کا کام کیا جاتا ہے۔

 

امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی (FBI) سمیت متعدد ایجنسیاں موقعِ واردات پر تحقیقات کر رہی ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ آنے میں کچھ وقت لگے گا۔

 

قابلِ ذکر ہے کہ 2014 میں بھی اسی فیکٹری میں ایک دھماکہ ہوا تھا، جس میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button