دبئی کے مرینا ٹاور کی 67 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزگی

دبئی مرینا کی 67 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 3800 سے زائد افراد بحفاظت نکال لیے گئے
دبئی کی مرینا میں ہفتہ کی علی الصبح ایک 67 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں کی گئیں اور 3800 سے زائد افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ آگ "مرینا پِنیکل” (جسے ٹائیگر ٹاور بھی کہا جاتا ہے) نامی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق، دبئی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے چھ گھنٹے تک مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ماہر فائر فائٹنگ اور ریسکیو یونٹس نے 764 فلیٹس میں مقیم 3,820 افراد کو کامیابی سے باہر نکالا اور تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
دبئی میڈیا آفس نے ہفتہ کی صبح بتایا کہ تمام افراد کی منتقلی بغیر کسی واقعہ کے مکمل ہوئی۔ عمارت کے آس پاس اب بھی دھواں نظر آ رہا ہے جو کہ کولنگ آپریشنز کی وجہ سے ہے۔ فائر فائٹنگ ٹیمیں مکمل طور پر صورتحال پر قابو رکھے ہوئے ہیں۔
متاثرہ مکینوں کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کرنے کے لیے حکام اب عمارت کے ڈیولپرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، تاکہ متاثرین کی حفاظت اور فلاح کو یقینی بنایا جا سکے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔