مس ورلڈ کا تاج تھائی لینڈ کی حسینہ کے نام

حیدرآباد: 72 ویں مس ورلڈ مقابلے میں تھائی لینڈ کی حسیناؤں میں شامل اوپل سچاتا چوانگسری نے دنیا کی حسین ترین خاتون کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ عالمی سطح پر شہرت یافتہ مس ورلڈ 2024 کی فاتح کرسٹینا پجکووا نے رواں سال کی فاتح اوپل سچاتا کے سر پر مس ورلڈ کا تاج سجایا۔
اس شاندار مقابلے میں ایتھوپیا کی نمائندہ پہلی رنر اپ، پولینڈ کی نمائندہ دوسری رنر اپ اور جزیرہ مارٹینیک کی نمائندہ تیسری رنر اپ قرار پائیں۔ عالمی حسن کا تاج جیتنے والی سچاتا کو انعام کے طور پر تقریباً 8.5 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
اوپل سچاتا چوانگسری تھائی لینڈ کے سیاحتی مقام فوکیٹ میں پیدا ہوئیں۔ وہ "اوپل فار ہر” (Opal for Her) کے نام سے ایک منصوبے کے ذریعے دنیا بھر میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے
مقصد کے تحت اس عالمی مقابلے میں شریک ہوئیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ 16 سال کی عمر میں سرطان کے خطرے سے دوچار رہ چکی ہیں اور اب وہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی
مہم میں سرگرم ہیں۔ وہ تھائی لینڈ میں مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کینسر سے متاثرہ خواتین کے لیے فنڈز جمع کر رہی ہیں اور نوجوانوں کو بھی سماجی خدمت میں آگے آنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔
مس ورلڈ کے اس بین الاقوامی مقابلے میں دنیا کے 108 ممالک سے نمائندہ حسیناؤں نے شرکت کی۔ عالمی مقابلہ حسن کا آخری مرحلہ حیدرآباد کے ہائی ٹیکس ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوا جہاں 40
امیدواروں کو کوارٹر فائنل کے لیے منتخب کیا گیا جن میں ہر براعظم سے دو دو امیدوار آگے بڑھیں۔ فائنل راؤنڈ تک چار حسینائیں پہنچیں جن میں بالآخر تھائی لینڈ کی اوپل سچاتا نے سب کو پیچھے چھوڑ کر
مس ورلڈ 2025 کا تاج اپنے نام کیا۔