نریندر مودی پہنچے اسرائیل، نتن یاہو اور ان کی شریک حیات نے کیا استقبال۔میرے عزیز دوست اسرائیلی وزیر اعظم کی دعوت پر کررہا ہوں دورہ: مودی

نریندر مودی پہنچے اسرائیل، نتن یاہو اور ان کی شریک حیات نے کیا استقبال۔میرے عزیز دوست اسرائیلی وزیر اعظم کی دعوت پر کررہا ہوں دورہ: مودی
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچے۔ تل ابیب کے ہوائی اڈے پر پہنچنے پر اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو اور ان کی شریک حیات سارہ نیتن یاہو نے ان کا رسمی استقبال کیا۔آمد کی تقریب کے بعد دونوں وزرائے اعظم نےہوٹل میں مختصر ملاقات کی۔
وزیر اعظم کا بھارتیہ کمیونٹی کے ارکان اور تارکین وطن یہودیوں کے نمائندوں نے پرتپاک اور پرجوش استقبال کیا۔یہ وزیر اعظم کا اسرائیل کا دوسرا دورہ ہے۔ اسرائیل کے دورہ پر روانہ ہونے سے قبل نریندرمودی نے اپنے بیان میں کہا”میرے عزیز دوست وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کی دعوت پر میں25 سے 26 فروری2026 تک اسرائیل کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہا ہوں۔
ان کے مطابق ہندوستان اور اسرائیل کے مابین ایک مضبوط اور کثیر جہتی اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے جس نے حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی اور انتہائی فعالیت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ اپنی بات چیت کا منتظر ہوں جس کا مقصد مختلف شعبوں میں ہمارے تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے
جن میں سائنس و ٹیکنالوجی، اختراع، زراعت، آبی وسائل کا انتظام، ٹیکنالوجی، دفاع و سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری اور عوامی روابط شامل ہیں۔ اس ملاقات کے دوران ہم باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔اس دورے کے دوران میں اسرائیل کے صدر عزت مآب جناب اسحاق ہرزوک سے بھی ملاقات کروں گا ۔ یہ میرے لئے اعزاز کا باعث ہو گا کہ میں اسرائیلی پارلیمنٹ ، کنیسٹ سے خطاب کرنے والے پہلا ہندوستانی وزیر اعظم بنوں گا۔
یہ ایک ایسا موقع ہے جو دونوں ممالک کو جوڑنے والے مضبوط پارلیمانی اور جمہوری تعلقات کو خراج تحسین پیش کرے گا ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا میں ہندوستانی تارکین وطن ارکان سے ملاقات کا بے صبری سے منتظر ہوں جنہوں نے طویل عرصے سے ہندوستان-اسرائیل کے درمیان خصوصی دوستی کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
مودی نے مزید کہا مجھے یقین ہے کہ میرا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا ، اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے نئے اہداف طے کرے گا اور ایک لچکدار اختراعی اور خوشحال مستقبل کے لیے ہمارے مشترکہ ویژن کو آگے بڑھائے گا ۔



