انٹر نیشنل

نریندر مودی کی ایران کے صدر سے بات چیت

نئی دہلی/ جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بات چیت کی۔ ٹیلی فون پر ہوئی گفتگو میں مودی نے مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شروع ہونے والی جنگ کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا براہِ راست رابطہ تھا۔وزیر اعظم مودی نے جمعرات کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی شہریوں کے جانی نقصان اور شہری انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی شہریوں کی سلامتی اشیائے ضروریہ اور توانائی کی بلا رکاوٹ ترسیل ہندوستان کی اہم ترجیحات ہیں۔ وزیر اعظم نے صورتحال کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

 

اس سے پہلے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے توانائی کی سلامتی اور جہازوں کی حفاظت کے مسائل پر گفتگو کی تھی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button