نیپال میں طیارہ بڑے حادثہ سے ٹل گیا، تمام مسافر محفوظ

حیدرآباد _ 3 جنوری ( اردولیکس ڈیسک) نیپال میں ایک مسافر طیارہ بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔ بھدراپور ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارہ قابو سے باہر ہو کر رن وے عبور کرتا ہوا قریبی نہر کی سمت بڑھ گیا، تاہم کچھ فاصلے پر رک جانے کے باعث تمام مسافر بحفاظت باہر نکل آئے۔
کٹھمنڈو سے بھدراپور جانے والا بُدھا ایئر ویز کا یہ طیارہ تھا، جس میں مجموعی طور پر 51 افراد سوار تھے۔ طیارہ تری بھون بین الاقوامی ایرپورٹ، کٹھمنڈو سے رات 8 بجکر 23 منٹ پر روانہ ہوا اور رات 9 بجکر 8 منٹ پر بھدراپور پہنچا۔
لینڈنگ کے وقت طیارہ رن وے سے پھسل کر تقریباً 200 میٹر آگے بڑھ گیا اور قریبی نہر کی جانب جا کر رک گیا۔ حکام کے مطابق گھاس میں پھنس جانے کے باعث طیارہ رک گیا، اگر یہ کچھ مزید آگے بڑھتا تو نہر میں گرنے کا خدشہ تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ATR 72-500 ماڈل کا تھا۔کٹھمنڈو کے تری بھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نمائندے رِنزی شیرپا نے بتایا کہ اس واقعہ میں طیارے کے تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔
ان کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد ہنگامی خدمات حرکت میں آ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اگرچہ طیارے کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے اور طیارے کے مکمل معائنے کے بعد آئندہ اقدامات پر فیصلہ کیا جائے گا۔



