نیپال میں پر تشدد احتجاج – مظاہرین نے سابق وزیراعظم کی بیوی کو زندہ جلا ڈالا

نیپال میں پُرتشدد احتجاج کے دوران سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ راجیا لکشمی چترکر زندہ جل کر ہلاک ہوگئیں۔ منگل کو نیپالی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے دارالحکومت کٹھمنڈو کے علاقہ ڈالو میں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ کو گھیر کر آگ لگادی، جس میں راجیا لکشمی پھنس گئیں۔
رپورٹ کے مطابق آگ سے انہیں شدید زخمی حالت میں بچایا گیا اور فوری طور پر کرٹيپور برن ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ گھر والوں نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے، لیکن سرکاری سطح پر فی الحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
راجیا لکشمی چترکر ان درجنوں ہلاکتوں میں شامل ہیں جو نیپال میں جاری ’جنریشن زیڈ‘ احتجاج کے دوران ہوئیں۔ یہ احتجاج اس وقت پرتشدد رخ اختیار کر گیا جب پیر کو سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں 19 نوجوان ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔