انٹر نیشنل

عمرہ زائرین کے لیے ابشر پورٹل پر نئی سہولت

ریاض۔ کے این واصف

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جوازات کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر جنرل ڈاکٹر صالح نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین ابشر پورٹل پر جاری ڈیجیٹل ویزے پر مملکت کے کسی بھی شہر میں جا سکتے ہیں۔

 

سبق نیوز کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر جوازات کا مزید کہنا تھا کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیجیٹل خدمات میں توسیع کر دی گئی۔ ابشر پورٹل سے جاری کرایا جانے والا وزٹر ویزہ یا عمرہ ویزے پر آنے والوں کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ اصل پاسپورٹ اپنے ہمراہ رکھیں جیسا کہ ماضی میں ہوا کرتا تھا۔

 

ڈاکٹر صالح نے مزید کہا کہ ابشر پورٹل پر جاری ہونے والا ڈیجیٹل وزٹ یا عمرہ ویزہ سرکاری دستاویز کے طور پر متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے جو مملکت کے کسی بھی شہر آمد ورفت کے لیے کارآمد ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جوازات نے واضح کیا کہ امن عامہ کے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ابشر پورٹل سے جاری ہونے والے ویزے کو تسلیم کریں اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔واضح رہے مملکت کے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل سہولتیں عام ہونے سے قبل عمرہ زائرین کو پاسپورٹ اپنے ساتھ رکھنا ہوتا تھا جس سے یہ ثابت ہوتا کہ مذکورہ شخص عمرہ یا وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم ہے۔

 

عمرہ پر آنے والوں کو جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہی جانے کی اجازت ہوتی تھی اس کے علاوہ کسی دوسرے شہر جانے کے لیے خصوصی پرمٹ حاصل کرنا ضروری تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button