تہران اور امریکہ کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔ ایران

نئی دہلی ۔ ایران وزارتِ خارجہ نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان اس وقت کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔
قبل ازیں ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے ایران کے ساتھ ایک “جامع اور حتمی حل” پر تعمیری گفتگو کی ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکی صدر کے بیانات دراصل توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے اور اپنے فوجی منصوبوں کے لیے مہلت حاصل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
جب ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اعلان کیا کہ ایران کے برقی پراجکٹس اور اہم توانائی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کو پانچ دن کے لیے مؤخر کیا جا رہا ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں بہتری دیکھنے میں آئی۔
ایران وزارتِ خارجہ نے ثالثی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے کئی ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سرگرم ہیں تاہم ایران کا مؤقف واضح ہے کہ اس نے اس تنازعہ کا آغاز نہیں کیا
لہٰذا تمام سفارتی کوششوں کا رخ واشنگٹن کی طرف ہونا چاہیے۔



