ریاض حملے میں ایک ہندوستانی کی موت ،خلیج ممالک میں تاحال 6 ہندوستانی ہلاک

File photo
نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستانی وزارت خارجہ نے اہم معلومات بتائی ہیں۔ وزارت کے مطابق خلیجی خطے میں جاری تنازعہ میں اب تک 6 ہندوستانی شہریوں کی جانیں جا چکی ہیں جبکہ ایک اب بھی لاپتہ ہے۔
حکومت لاپتہ افراد کی تلاش اور جان گنوانے والوں کی نعشوں کو جلد از جلد ہندوستان لانے کے لیے جنگی پیمانے پر کوششیں کر رہی ہے۔ وزارت خارجہ نے اب تک 3 لاکھ لوگوں کی بحفاظت وطن واپسی کروائی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سکریٹری اسیم آر مہاجن نے بتایا کہ
سعودی عرب، عمان، عراق اور متحدہ عرب امارات میں واقع ہندوستانی مشن مقامی افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ حکومت کی تمام تر توجہ اس وقت ان خاندانوں کو راحت پہنچانے پر ہے۔ لاپتہ ہندوستانی کی بحفاظت برآمدگی کے لیے بھی مقامی سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریند مودی نے دنیا کے 5 ممالک کے رہنماؤں سے فون پر بات کر ہندوستان کا موقف واضح کیا ہے۔ وزارت خارجہ میں خلیجی ممالک کے جوائنٹ سکریٹری اسیم مہاجن نے کہا کہ کل دیر رات ہمیں 18 مارچ کو ریاض میں ہونے والے حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی افسوسناک موت کی اطلاع ملی۔
ہم متوفی کے خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ریاض میں واقع ہمارا سفارتخانہ متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ہم نعش کو جلد از جلد ہندوستان واپس لانے کے لیے مقامی افسران کے ساتھ بات کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اب تک مختلف واقعات میں 6 ہندوستانی شہریوں کی جانیں جا چکی ہیں اور ایک لاپتہ ہے۔ سعودی عرب، عمان، عراق اور متحدہ عرب امارات میں واقع ہمارے سفارتخانے لاپتہ
ہندوستانی شہری کی واپسی کے لیے افسران کے ساتھ رابطے میں ہیں۔



