پانچ ماہ کے دوران امریکہ میں غیر قانونی داخلہ کی کوشش کرتے ہوئے 10 ہزار سے زائد بھارتی پکڑے گئے

حیدرآباد _ 2 جولائی ( اردولیکس ڈیسک) امریکہ میں غیر قانونی داخلہ کی کوشش کرتے ہوئے رواں سال جنوری سے مئی کے وسط تک 10,382 بھارتی شہری پکڑے گئے۔ ان میں سے 30 بچے ایسے تھے جن کے ساتھ کوئی سرپرست موجود نہیں تھا۔
غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق ریاست گجرات سے تھا۔ یہ اعداد و شمار امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔ حالیہ عرصے میں امریکہ کی سرحدوں پر سکیورٹی سخت کئے جانے کے باعث غیر قانونی تارکین وطن کی بڑی تعداد میں گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔
گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 34,535 بھارتی شہری غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ اس کے مقابلے رواں سال میں تقریباً 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اوسطاً یومیہ 69 افراد گرفتار ہو رہے ہیں، جبکہ جو بائیڈن کے دور میں یہ تعداد روزانہ 230 تک ہوا کرتی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ اپنی سرگرمیوں میں نمایاں کمی لائے ہیں۔
ایک انگریزی اخبار کے مطابق، امریکہ میں کملا ہیرس کی انتخابی شکست تقریباً یقینی نظر آنے کے بعد ان گروہوں نے اپنی کارروائیاں کم کر دی ہیں۔ مالی سال 2024 کے دوران حکام نے ایسے 500 نابالغ بچوں کو حراست میں لیا جنہیں ان کے والدین سرحد پر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
امریکہ-میکسیکو اور امریکہ-کینیڈا سرحدوں پر کئی والدین اپنے بچوں کو اس امید پر تنہا چھوڑ دیتے ہیں کہ انہیں امریکی شہریت حاصل ہو جائے گی۔ لیکن ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد ایسے معاملات پر سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اکثر پکڑے جانے والے بچوں کی عمر 12 سے 17 سال کے درمیان ہوتی ہے، جبکہ اس سے کم عمر بچے بہت ہی کم پائے جاتے ہیں۔
اپریل 2024 تک امریکی ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق امریکہ میں 2.2 لاکھ بھارتی شہری ایسے ہیں جو کسی قسم کے قانونی دستاویزات کے بغیر مقیم ہیں۔ رواں سال جنوری سے اب تک 332 بھارتی شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔
بھارتی شہری اکثر اسمگلروں کی باتوں میں آکر خطرناک راستوں سے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ سرحد پر بنائی گئی دیواروں اور باڑوں کو عبور کرنے کے لئے وہ سمندری راستے بھی اپناتے ہیں جو انتہائی خطرناک ہوتے ہیں۔ 9 مئی کو ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جب کیلیفورنیا کے قریب ڈیل مار علاقے میں ایک کشتی الٹ گئی
جس میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ لڑکا اور 10 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئے۔ یہ دونوں بہن بھائی تھے۔ ایسی کشتیاں عام طور پر میکسیکو کے ساحل سے روانہ ہو کر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتی ہیں۔