انٹر نیشنل

پاکستان نے بھارت کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ خواجہ آصف کا ردِعمل

نئی دہلی: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ

 

دہشت گردی کے کسی بھی واقعے کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو۔ انہوں نے یہ بیان ایک نجی پاکستانی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران دیا۔

 

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان خود گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے، اور سب سے زیادہ نقصان اسی نے اٹھایا ہے۔ "جو خود دہشت گردی کا نشانہ ہو، وہ اس کی حمایت کیسے کر سکتا ہے؟” انہوں نے سوال اٹھایا۔

 

وزیر دفاع نے کہا کہ پہلگام واقعے کے تناظر میں "فالس فلیگ آپریشن” کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول، پاکستان دہشت گردی کی حمایت کرنے والا نہیں بلکہ اس کا سب سے بڑا متاثر ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو یہ سوال کرنا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے تعینات اس کی سات لاکھ فوج آخر وہاں کیا کر رہی ہے، جب کہ وہاں کے عوام کی ہلاکتوں کی خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔

 

خواجہ آصف نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کرے۔ صرف پاکستان پر الزام تراشی سے بھارت اپنی ذمہ داری سے جان نہیں چھڑا سکتا۔

 

وزیر دفاع نے یاد دلایا کہ دنیا اب بھی ابھینندن والے واقعے کو یاد رکھتی ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button