انٹر نیشنل

سعودی اسپورٹس 2022 کی تیاریاں شروع۔ملک کے سب سے بڑے ایونٹ میں 20 ہزارسے زائد کھلاڑی لیں گے حصہ

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی اسپورٹس2022 کی مشعل اٹھانے والی ریلی ریاض سے روانہ ہو گئی ہے جو ملک بھر کے کئی حصوں تک پہنچے گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی اسپورٹس 2022 کا ایونٹ پہلی مرتبہ منعقد کیا جا رہا ہے جس کا باقاعدہ آغاز چند ہفتوں کے بعد ہوگا۔سعودی اسپورٹس 2022 کی مشعل اٹھانے والی ریلی کا سفر 3500 کلو میٹر پر محیط ہوگا۔
سعودی اولمپک کمیٹی کے سربراہ شہزادہ فہد بن جلوی نے مشعل اٹھانے والی ریلی میں سعودی شہریوں کے علاوہ غیرملکیوں سے بھی شرکت کی اپیل کی ہے۔ان کے مطابق ’یہ ریلی محبت، باہم برداشت، تحمل، بردباری اور ایک دوسرے کی خطائیں معاف کرنے کے علاوہ بقائے باہمی کا پیغام بھی دیتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مشعل اٹھانے والی ریلی سعودی عرب کے 57 سے زیادہ سیاحتی مراکز سے گزرے گی۔‘
’ریلی کے شرکا پیدل، گھوڑوں، اونٹوں پر اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ گاڑیوں پر شہر شہر جائیں گے۔‘ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ریلی ریاض سے مدینہ منورہ، وہاں سے تبوک، پھر نیوم اور الجوف، پھر شمالی حدود سے حائل اور وہاں سے القصیم پہنچے گی۔‘ اس طرح یہ سفردیگر شہرون کے لئے بھی جاری رہے گا۔شہزادہ فہد بن جلوی نے یہ بھی کہا کہ ’مشرقی ریجن میں ریلی ظہران، دمام، الخبر اجہاں سے پھر العلا اور وہاں سے 10 اکتوبر کو درعیہ پہنچے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’سعودی اسپورٹس 2022 ملک کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہے جس میں 20 ہزار سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے۔’مختلف کھیلوں میں شرکا کو مجموعی طور پر دو سو ملین ریال سے زیادہ انعامات دیئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button