انٹر نیشنل

سعودی عرب میں موسلادھار بارش ;  جدہ اور ینبع میں عام زندگی مفلوج ؛ گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں 

سعودی عرب میں موسلادھار بارش ;  جدہ اور ینبع میں عام زندگی مفلوج ؛ گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں 

 

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ اور اس کے اطراف میں منگل کو گرج چمک کے ساتھ ہونے والی ریکارڈ بارش نے معمولاتِ زندگی کو شدید طور پر متاثر کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق جدہ میں 135 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی،

 

جس کے نتیجے میں سڑکیں زیرِ آب آگئیں، متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور گاڑیاں ڈوب کر خراب ہوئیں۔ شہر کے کئی حصوں میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر جدہ سمیت مکہ ریجن میں شہری دفاع نے عوام کو محتاط رہنے، نشیبی علاقوں اور وادیوں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

۔بارش کے بعد شہر بھر میں پانی کے نکاس، ملبہ ہٹانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

دوسری جانب سعودی شہر ینبع میں بھی طوفانی بارش نے تباہی مچادی، متعدد عمارتوں کی چھتیں گر گئیں اور کئی گاڑیاں ملبے تلے دب کر تباہ ہوگئیں۔ البساتین میں 81 ملی میٹر اور شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایرپورٹ پر 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مدینہ منورہ اور اطراف میں بھی معتدل بارش ہوئی۔ تیز بارشوں کے باعث صحرائی وادیاں اور نشیبی علاقے سیلابی ریلوں سے بھر گئے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں متحرک ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button