سعودی عرب نے ہندوستان پاکستان سمیت 14 ممالک پر عائد کی عارضی ویزا پابندی۔ حج سیزن سے قبل فیصلہ

نئی دہلی ۔ سعودی عرب نے دنیا کے 14 ممالک کے ویزوں پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے جن میں ہندوستان اور پاکستان بھی شامل ہیں۔ یہ پابندی بزنیس، فیملی ویزا، اور عمرہ ویزا پر بھی لاگو ہوگی۔ سعودی حکومت نے یہ عارضی پابندی اس لیے عائد کی ہے تاکہ غیر رجسٹرڈ افراد کو حج میں شامل ہونے سے روکا جا سکے۔
ایسے افراد جو بغیر کسی مناسب ویزا کے سعودی عرب آ کر حج کے دوران شامل ہو جاتے ہیں ان کی روک تھام کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ یہ پابندی جون کے وسط تک یعنی رواں سال کے حج تک جاری رہے گی جس کے بعد ویزا پروگرام معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ سعودی حکام کے مطابق، غیر ملکی شہری صرف 13 اپریل تک عمرہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں اس کے بعد عمرہ ویزا کا اجراء روک دیا جائے گا۔
ان 14 ممالک کی فہرست میں ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، نائجیریا، عراق، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن شامل ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ نے اس پابندی کو سفری قوانین کو آسان بنانے اور حج کے دوران مسافروں کی حفاظت میں بہتری کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے یہ فیصلہ گزشتہ سال حج کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے 1000 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد کیا تھا، جن میں زیادہ تر غیر مجاز حجاج شامل تھے۔