سعودی عرب۔ پرواز میں تاخیر اور سامان کی گمشدگی پر فضائی کمپنی کو ادا کرنی ہوگی مسافر کو بھاری رقم
ریاض ۔ کے این واصف
فضائی سفر میں مسافروں کا سامان تاخیر سے پہنچنا یا گم ہو جانا نیز پروازوں میں تاخیر برسوں پرانی شکایتیں ہیں اب ایسے مسافروں کے لئے راحت اور اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے حقوق سے متعلق نیا لائحہ عمل جاری کیا ہے,محکمہ شہری ہوابازی نے ایک بیان میں کہا کہ نیا لائحہ عمل 20 نومبر 2023 سے موثر ہوگا۔ مسافروں کی نگہداشت ، مدد اور معاوضے کے حوالے سے ضوابط بیان کیے گئے ہیں۔
نئے لائحہ عمل کے مطابق ’پرواز میں چھ گھنٹے سے زیادہ تاخیر پر مسافر کو 750 ریال نقد دینا ہوں گے۔ ان کے کھانے پینے،رہنے اور آمد ورفت کے انتظامات بھی فضائی کمپنی کے ذمے ہوں گے۔ پرواز منسوخ کرنے کی صورت میں ٹکٹ کی رقم کا 150 فیصد معاوضہ دینا ہوگا۔ معاوضے کی شرح مسافر کو پرواز کی منسوخی کی اطلاع کے وقت کے لحاظ سے مقرر ہوگی۔
مسافر کو طیارے پر بٹھانے سے انکار کرنے پر ٹکٹ کی رقم اور 200 فیصد معاوضہ دینا ہوگا۔ طیارے میں کیٹگری کم کرنے پر دو سو فیصد تک معاوضہ دینا ہوگا۔ بغیر شیڈول اسٹیشن کرنے پر فی اسٹیشن 500 ریال معاوضہ مسافر کا حق ہوگا جبکہ معذور مسافر کو طیارے پر سوار کرنے سے منع کرنے پر ٹکٹ کی قیمت کا 200 فیصد معاوضہ ادا کرنا ہوگا۔
معذور مسافر کو ویل چیئر فراہم نہ کرنے پر 500 ریال معاوضہ ادا کرنا ہوگا علاوہ ازیں سامان کے معاوضے کے ضوابط بھی لاگو ہوں گے۔ نئے ضوابط میں کہا گیا کہ سامان گم ہوجانے پر 6568 ریال تک کا معاوضہ مسافر کا حق ہوگا جبکہ سامان تلف ہوجانے پر معاوضے کی انتہائی رقم 6568 ریال تک ہے۔
سامان تاخیر سے آنے پر بھی مسافر کو معاوضہ دیا جائے گا۔ پہلے دن کا معاوضہ 740 پھر دوسرے روز سے ہر دن کے لحاظ سے تاخیر پر 300 ریال معاوضہ ہوگا۔ معاوضے کی انتہائی حد 6568 ریال ہوگی۔ رن وے پر آتے جاتے وقت پرواز میں تین گھنٹے سے زیادہ تاخیر پر مسافر کو پرواز کی منسوخی کے ضوابط کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔