بریکنگ نیوز۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے گولف کلب کے پاس فائرنگ۔ سابق امریکی صدر محفوظ

نئی دہلی ۔ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے انٹرنیشنل گولف کلب کے پاس فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ فائرنگ میں محفوظ بتائے گئے ہیں۔ فائرنگ کا واقعہ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گولف کلب کے پاس پیش آیا
سابق صدر اس وقت گولف کھیل رہے تھے۔ فوری طور پر موصولہ اطلاعات کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ محفوظ ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے فرزند ٹرمپ جونیئر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز نے بتایا کہ جھاڑیوں میں ایک اے کے 47 بندوق بھی ملی ہے اور مبینہ طور پر ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔سی این این کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق حکام کا خیال ہے کہ ٹرمپ انٹرنیشنل گولف کلب پر گولیاں چلائی گئیں جو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے تھیں۔
فوری طور پر اس بات کا پتہ نہیں چل سکا کہ یہ فائرنگ دانستہ طور پر کی گئی یا پھر یہ حادثاتی واقعہ ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر پر جولائی میں انتخابی ریالی کے دوران فائرنگ کی گئی تھی جس میں وہ زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ میں ریالی میں شریک ایک شخص کی موت ہو گئی تھی، جوابی کاروائی میں فائرنگ کے بعد حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔