وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ – حملہ آور ہلاک، ڈونالڈ ٹرمپ محفوظ

واشنگٹن ڈی سی: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے قریب واقع سکیورٹی چیک پوائنٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں سکیورٹی اہلکاروں پر گولیاں چلانے والا شخص جوابی کارروائی میں ہلاک ہوگیا۔ وفاقی حکام نے اس واقعہ کی تصدیق کردی ہے۔
امریکی سیکریٹ سروس کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً 6 بجے ایک شخص وائٹ ہاؤس کے قریب سکیورٹی چیک پوائنٹ پر پہنچا اور اپنے بیگ سے ہتھیار نکال کر وہاں تعینات افسران پر فائرنگ شروع کردی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آور کو زخمی کردیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد میں اس کی موت ہوگئی۔
حکام کے مطابق واقعہ میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ حملہ آور کی گولی سے زخمی ہوا یا پولیس کی جوابی فائرنگ سے۔ سیکریٹ سروس نے بتایا کہ اس واقعہ میں اس کے کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا، جبکہ اس وقت وائٹ ہاؤس میں موجود صدر ڈونالڈ ٹرمپ مکمل طور پر محفوظ رہے۔
سیکریٹ سروس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر کہا کہ انہیں وائٹ ہاؤس سے ایک بلاک دور 17ویں اسٹریٹ اور پنسلوانیا ایونیو کے قریب فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد زمینی عملہ فوری طور پر حرکت میں آیا۔
ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پاٹل نے بھی تصدیق کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فائرنگ کے واقعہ پر کارروائی کررہے ہیں اور جلد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
دریں اثنا، اے بی سی نیوز کی سینئر وائٹ ہاؤس نامہ نگار Selina Wang نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں فائرنگ کی آوازیں سنی جاسکتی ہیں۔ ویڈیو میں وہ اچانک گولیوں کی آواز سن کر جھک جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں "درجنوں گولیوں” جیسی آوازیں سنائی دیں۔
واشنگٹن میٹروپولیٹن پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں کیونکہ سیکریٹ سروس جائے وقوعہ پر تحقیقات میں مصروف ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سکیورٹی کے حوالے سے کئی تشویشناک واقعات سامنے آچکے ہیں، جن میں گزشتہ ماہ مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش بھی شامل ہے۔



