الوداعی طواف کے بعد حجاج کے قافلے مدینہ منورہ پہنچنے لگے

ریاض ۔ کے این واصف
حج سیزن مین عازمین کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ایک وہ جو زیارت مدینہ منورہ ادائیگی حج سے قبل مکمل کرلیتے ہیں۔ دوسرے ادائیگی حج کے بعد زیارت مدینہ منورہ کے لئے جاتے ہیں۔اب بعد الحج زیارہ کرنے والے حجاج کے قافلے الوداعی طواف کے بعد مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔جمعہ کو حرمین ٹرین اور بسوں کے ذریعے قافلے مدینہ پہنچے ہیں۔
مدینہ منورہ میں حجاج کے قافلوں کے خیر مقدم کے لیے تیاریوں کو بڑھا دیا گیا ہے۔ چند دنوں میں مدینہ منورہ میں 70 ہزار حجاج کی آمد متوقع ہے۔ حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ میں بڑے منصوبو ں اور خدمات کی بدولت مناسک حج کی ادائیگی میں آسانی ہوئی ہے۔‘حجاج نے الوداعی طواف کے بعد مکہ مکرمہ سے روانگی کے وقت کہا کہ ’مناسک حج کی ادائیگی میں آسانیوں کے باعث اطمینان سے عبادت کا موقع ملا۔ اس پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔‘